جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے اسلامی رہنماؤں کی جانب سے رابطہ وفد کے دورۂ تھائی لینڈ اور بدھ مت قیادت سے مثبت ملاقات کا خیر مقدم 

 جامعہ فطانی کی جانب سے ڈاکٹر العیسی کے لئے اسلامی میدان میں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری

ڈاکٹر العیسی کی تھائی لینڈ کے سب سے قدیم اور معروف یونیورسٹی میں تہذیبی اتحاد کے موضوع پر لیکچر

وزیر اعظم اور اسپیکر کی جانب سے لیکچر کے مندرجات کی تعریف..کنگ یونیورسٹی نے لیکچر کے مضامین کونشر کرنے کا عندیہ دیا ہے

ڈاکٹر العیسی کی تھائی لینڈ میں مشائخ اور ائمہ سے ملاقات، اسلامک سینٹر کونسل میں مذہبی رواداری اور پلوں کی تعمیر پر خطاب

بنکاک:
تھائی لینڈ کی دینی قیادت اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے اسلامی رہنماؤؤں نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی کی قیادت میں رابطہ کے وفد کے دورۂ تھائی لینڈ اور وہاں متعدد مذہبی رہنماؤں سے  مثبت ملاقاتوں کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ  اس دورے میں  اسلام کی  بہتر تصویر پیش کی گئی ہے جو اسلامی  شعور کی  تہذیبی ترقی کا مظہر ہے، خاص طور پر انسانی تنوع   سے متعلق اسلام کا نظریہ اور تکوینی سنت کے طور پر انسا نی وجود کے حق کا احترام ۔ اس سوچ  کا تقاضا ہے کہ انسانوں کے درمیان اپنے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے باہمی تعاون ہو ۔
اس موقع پر  جامعہ فطانی نے  حکومتی،  سوشل اور تعلیمی رہنماؤں سمیت متعدد محققین،  طلبا اور مدعوین کی موجود گی میں ڈاکٹر محمد العیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔آپ کو یہ اعزاز ان اسلامی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے جن  کا اسلامی میدان  میں نمایاں اثرات مرتب ہوئے  اور خصوصاً ایسے خطے میں جہاں مذہبی اور نسلی تنوع بہت زیادہ ہے ۔یہ دورہ  رابطہ عالم اسلامی  کی اسلام کی خدمت اور  دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لئے  اس کے مشن کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔
ان مذہبی رہنماؤں نے ڈاکٹر العیسی کی کنگ یونیورسٹی میں تہذیبی اتحاد  کے موضوع پر دیئے جانے والے لیکچر  میں بیان کردہ اقدار اور پیغامات کو   بھی نوٹ کرتے ہوئے مذکورہ لیکچر کو مقامی حلقے میں   ملنے والی پذیرائی کو خوش آئند قراردیا ہے ،جہاں وزیر اعظم اور اسپیکر پارلیمان  کی  جانب سے  لیکچر کا خیر مقدم اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے لیکچر کے مضامین کی اشاعت کا عندیہ دیا گیا ہے۔یاد رہے   کہ یونیورسٹی تھائی لینڈ کی قدیم اورمعروف یونیورسٹی ہے اور یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس لیکچر کو بے حد اہمیت کا حامل جاناہے جس میں   دیگر تہذیبوں کے بارے میں اسلامی تہذیبی افق  کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے  اور اس کے ساتھ بہت سے حساس موضوعات پر روشنی ڈالی گئی جو بہت سارے لوگوں کے ذہنوں میں سوالیہ نشان بنے ہوئے تھے۔
رابطہ کے وفد نے اسلامی مجالس  کے سربراہان کی مجلس  کا بھی دورہ کیا  جہاں  رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے مجلس کے صدر اور  ارکان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں تبادلۂ خیال ہوا جہاں تھائی لینڈ میں قومی ہم آہنگی کی بہترین صورت حال بھی زیر بحث   رہی اور  اس میں  مسلمانوں کے تعاون کو بھی سراہا گیا ۔ڈاکٹر العیسی نے اس دوران  تھائی لینڈ کی بدھ مت قیادت  سے بھی ملاقات کی جنہوں نے اس دورے کا خیرمقدم کیا ہے۔

اس کے بعد ڈاکٹر العیسی نے مرکزی اسلامی کونسل میں”مذہبی رواداری اور پلوں کی تعمیر “کے عنوان سے لیکچر دیا۔ جس میں  تھائی وزارت خارجہ کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں حکومتی اور عوامی شخصیات  نے شرکت کی۔ کونسل کی قیادت نے لیکچر کے مندرجات کو سراہتے ہوئے اس کی  اہمیت کے پیش نظر اس کی اشاعت کا عندیہ دیاہے۔بعد ازاں ڈاکٹر العیسی نے  تھائی لینڈ میں موجود قدیم  مسجد تون صون کا دورہ کیا جس کی تعمیر 1610 ء میں  ہوئی ہے،جہاں آپ نے مشائخ اور ائمۂ کرام سے  بھی ملاقات کی۔