ریاض:

 رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے دارالحکومت ریاض میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل جناب انتونیو گوتريس سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اقوامِ متحدہ کے اتحاد برائے تہذیب کے گیارہویں عالمی فورم کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات کے دوران متعدد امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جن میں سرِفہرست اقوام اور اقوامِ عالم کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت شامل تھی۔

اس موقع پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو رابطہ عالم اسلامی کی اُن کاوشوں سے آگاہ کیا گیا جو وہ دنیا بھر میں انسانی تنوع کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مکالمے کے ذریعے انجام دے رہی ہے۔ جناب گوتريس نے رابطہ کی ان کوششوں کو سراہا، خصوصاً اُن اقدامات اور پروگراموں کو جو ”احتیاطی امن“کے تصور کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر محمد العیسی نے رابطہ عالم اسلامی کے تحت آنے والی مسلم اقوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا، اور اُن کے اُن باوقار اور جرات مندانہ مؤقف کی تحسین کی جو انہوں نے انصاف پسندانہ عالمی مسائل، خصوصاً غزہ کی المناک صورت حال اور عمومی طور پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنائے۔