گزشتہ شام اطالوی صدر، جناب سرجیو ماتاریلا، نے روم میں صدارتی محل میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں عالمی امن کے فروغ اور اقوام کے درمیان دوستی میں مذہبی کردار کی اہمیت پر تبادلہ خیال ہوا۔ جہاں اس حقیقت کو اجاگر کیا گیا کہ انسانی تاریخ میں کئی تنازعات کی جڑیں غلط مذہبی تعبیرات میں پیوست رہی ہیں۔
ڈاکٹر العیسی نے اس موقع پر وضاحت کی کہ اسلام تمام اقوام کے درمیان تعارف، انسانی وقار کے احترام اور پرامن بقائے باہمی کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے ”میثاق مدینہ منورہ“  اور ” #میثاق_مکہ_مکرمہ“ کے اہم نکات پر روشنی بھی ڈالی۔
انہوں نے اطالوی صدر کے فلسطینی حقِ خودارادیت کے منصفانہ موقف، بالخصوص دو ریاستی حل کی ناگزیر حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر العیسی نے اٹلی کی مسلم قیادت کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے گہرے دینی و فکری شعور کو سراہا، جو حقیقی اسلامی تعلیمات کا عکاس ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے ان کے قومی تشخص پر فخر، ملکی دستور کے احترام، اور اطالوی معاشرے کے اتحاد میں مثالی بقائے باہمی کی بھی تعریف کی۔
صدر سرجیو ماتاریلا نے ڈاکٹر العیسی کی بین المذاہب اور بین الثقافتی امن کے فروغ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام کی اقدار خود بھی امن کی داعی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتہا پسندی،کسی بھی مذہب کی نمائندہ نہیں ہوتی، بلکہ اس کے حاملین کی ذاتی سوچ کی عکاس ہوتی ہے۔ محترم صدر  نے ڈاکٹر العیسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی اٹلی آئیں گے، انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اطالوی صدر ملکی آئین کے تحت اٹلی کی قومی وحدت کی علامت، آئین کے محافظ، اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہونے کے ساتھ ساتھ، پارلیمنٹ کی تحلیل، عوامی ریفرنڈم کے اجرا اور رياستی عہدیداروں کے تقرر جیسے اہم اختیارات بھی رکھتے ہیں۔