آسیان ممالک کے علماء کو اُن کے بڑے مسائل پر متحد کرنے والا ایک جامع پلیٹ فارم… رابطہ عالم اسلامی کے زیرِ اہتمام ”آسیان علماء کونسل“ نے ملائیشیا کے دار الحکومت کوالالمپور میں منعقدہ اپنے تیسرے فورم میں درج ذیل نکات پر زور دیا:

• جنوب مشرقی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے اسلامی شناخت کی اقدار کے تحفظ کی اہمیت، تاکہ اُن کے اتحاد اور دینی اخوت کو یقینی بنایا جا سکے۔

• اسلام میں اعتدال پسندی کی خصوصیات اور میانہ روی کے خدوخال کو اجاگر کرنا، اور مسلکی تصادم وتنازع کی ”ظاہری“ اور ”پوشیدہ“ دعوتوں اور سرگرمیوں کا سدباب کرنا۔

• اُمتِ مسلمہ کو درپیش مشترکہ چیلنجوں، بالخصوص اسلاموفوبیا کی دعوتوں اور سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کےلئے اسلامی مکاتبِ فکر کے پیروکاروں کے درمیان مواقف میں ہم آہنگی پیدا کرنا۔ اس کے ساتھ ساتھ، نفرت انگیز بیانیے کے عمومی انسداد کے لئے دیگر مذاہب وثقافتوں کے پیروکاروں کے ساتھ اتحاد کو مزید مستحکم بنانا، خواہ وہ کسی بھی شناخت یا جواز کے ساتھ ہو۔ اسی کے ساتھ، عالمی سطح پر تہذیبی ہم آہنگی اور مختلف اقوام وشعوب کے درمیان دوستی کو فروغ دینا، تاکہ امن کو تقویت ملے اور پیشگی تحفظ کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔