ڈاکٹر محمد العیسی ”احتیاطی امن“ کے تصور کے داعی ہیں، جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تنازعات کے جنم لینے سے پہلے ہی مصالحت اور مفاہمت کی راہ ہموار کی جائے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے آشوٹز کا دورہ کرنے والے وفود کی قیادت کی، مکہ مکرمہ میں امت مسلمہ کے نامور علمائے کرام کو یکجا کر کے فرقہ وارانہ انتہاپسندی کے خلاف متفقہ مؤقف اختیار کروایا، اور بوسنیا و ہرزیگووینا میں پارلیمانی رہنماؤں اور مذہبی شخصیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا، جہاں جنگ کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا مکالمہ منعقد ہوا۔
یہ کوششیں نئی نسل تک بھی پھیلی ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ اور ٹونی بلیئر انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو تنقیدی فکر، تعمیری مکالمے اور مؤثر ابلاغ کی ایسی صلاحیتوں سے آراستہ کیا گیا ہے، جو انہیں انتہاپسندی، شدت پسندانہ بیانیوں اور گمراہ کن افکار کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہیں۔