”نوجوان: حال کے شراکت دار، اور مستقبل کے رہنما“:
اپنے اس پیغام سے، جو ہماری اقدار کا ترجمان ہے اور جو تمام جہانوں کے لئے رحمت کا حامل ہے۔  اور اپنی اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، جن کے بارے میں ہمارے نبیِ مکرم ﷺ نے فرمایا: ”اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ شخص وہ ہے جو لوگوں کے لئے سب سے زیادہ نفع بخش ہو“۔
ہم دنیا بھر کی مختلف معاشرتی سطحوں پر، سرکاری اور نجی اداروں کے تعاون سے، اپنے نوجوانوں کے لیے مخصوص پروگراموں اور اقدامات کو مسلسل فعال بنائے ہوئے ہیں، تاکہ اُن کے شعور کو بلند کیا جائے اور اُن کے اندر مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دیا جائے۔
اس کا مقصد دنیا کی اقوام کے مابین  مفاہمت اور امن کے اصولوں کو مستحکم کرنا ہے، تاکہ وہ اس عہد کی روح کو زندہ رکھ سکیں جو اقوامِ متحدہ کے منشور کی دیباچہ میں کیا گیا تھا: ”آنے والی نسلوں کو جنگ کی ان تباہ کاریوں سے بچائیں، جس نے ایک ہی نسل کے دوران انسانیت پر دو بار ایسے غم مسلط کیے ہیں جو ناقابل بیان ہیں“۔
رابطہ عالم اسلامی کا یہ پختہ یقین ہے کہ عالمی امن وسلامتی کا اصل ستون اقوام کے شعور میں پیشگی امن کے تصوّر کی تعمیر ہے۔
ہمارے نبیِ کریم ﷺ نے اس عظیم مقصد کو اخلاقِ حسنہ کی تکمیل سے جوڑتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اسی لئے بھیجا تاکہ وہ اخلاقِ فاضلہ کو کامل کریں۔ قرآنِ کریم  نے اسی انسانی شرف کو ان الفاظ میں بیان فرمایا: ”اور یقیناً ہم  نے بنی آدم کو  عزت بخشی، اُنہیں خشکی اور سمندر میں سوار کیا، اور انہیں پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا اور انہیں اپنی بہت سی مخلوقات پر فضیلت عطا کی “۔