یہ اقدام، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی ‏کی جانب سے ذوالقعدہ 1444ھ - جون 2023ء میں اقوامِ متحدہ کے نیویارک فورم پر متعارف کرایا گیا:
”مشرق ومغرب کے درمیان پلوں کی تعمیر“ یہ اقدام اقوامِ عالم کے مابین مؤثر دوستی، عملی تعاون، پائیدار امن، باہمی ہم آہنگی اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک عالمی پہل ہے، جس کا مقصد انسانیت کے لئے اقوام متحدہ کے منشور کے اہداف کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ اقدام ان تمام نظریات، نعروں اور رویوں کا بھرپور جواب ہے جو تہذیبی تصادم، سیاسی محاذ آرائی اور تقسیم و انتشار کو ہوا دیتے ہیں۔ اس کے بجائے، یہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کی خصوصیات کے احترام اور انسانی وقار کے تحفظ کو اپنا بنیادی اصول بناتا ہے۔
یہ ایک ہمہ گیر عالمی اقدام ہے جس میں مؤثر اور پائیدار پروگرام شامل ہیں۔ اس کی تاریخی افتتاحی تقریب میں اقوام متحدہ کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے مذہبی رہنماؤں، پارلیمانی شخصیات اور دانشوروں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی اجلاس سے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، سیکرٹری جنرل، اور تہذیبوں کے اتحاد کے اعلیٰ نمائندے نے تقاریر کیں، جب کہ سیکرٹری جنرل رابطہ  اور چیئرمین مسلم علماء کونسل نے بھی کلیدی خطاب فرمایا۔
اقوام متحدہ کی تاریخ میں اس نوعیت کا یہ پہلا بین الاقوامی تعامل شمار ہوتا ہے۔